1 جولائی 2017 - 12:05
پارہ چنار کی عوام کوحب الوطنی کی سزا دی جارہی ہے: آئی ایس او پاکستان

مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پارہ چنار کی عوام کو اس لئے ٹارگٹ کیا جاتا ہے کیونکہ یہی وہ غیور قوم ہی ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  لاہور ( )امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید سرفراز نقوی پارہ چنار میں جاری دھرنا  میں شریک ہیں انہوں نے دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ہر اس طاقت کو ختم کرنا چاہتا ہے جو امریکہ، اسرائیل اور آل سعود مخالف طاقت ہے لیکن ہم استعمار دشمنی کو ہرگز نہیں چھوڑ سکتے۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پارہ چنار کی عوام کو اس لئے ٹارگٹ کیا جاتا ہے کیونکہ یہی وہ غیور قوم ہی ہے جو حقیقی محب وطن پاکستانی ہیں ۔ وقت کے حکمران  اس عظیم قوم کے ساتھ بدسلوکی کر رہے ہیں جس نے پاکستان بنانے میں اولین کردار ادا کیا ہے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن یہ جان لیں کہ ہم اس ملک کی خون کے آخری قطرہ تک حفاطت کریں گے۔مرکزی صدر سید سرفراز نقوی نے پارہ  چنارمیں شرکاء دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے بہاولپور کا دورہ تو کیا لیکن پارہ چنارکا نہیں ۔وزیر اعظم کا پارہ چنار کے عوام کی داد رسی کے لئے نہ آنا یہ واضح کرتا ہے کہ اس ملک کی کوئی خارجہ پالیسی ہے اور نہ ہی داخلہ پالیسی  ہے۔پاکستان کی داخلہ و خارجہ پالیسی استعماری طاقتوں کے ہاتھ میں ہے ۔
 سید سرفرا ز نقوی  نے کہا ہم ہر اس سوچ کی مخالفت کرتے رہیں گے جو پاکستان مخالف ہوگی اور ہم علامہ اقبال و قائد اعظم کا پاکستان چاہتے ہیں کیونکہ آج کا پاکستان حکمرانوں کی نااہلی کے باعث استعماری طاقتوں کی خواہش کے مطابق چل رہا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲